مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائیوں اور جنگ بندی کی خلاف ورزی پر ایک سخت بیان جاری کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے صبح 11:30 بجے جنوبی لبنان کے شہر نبطیہ کے علاقے الدیر میں خودکار ہتھیاروں سے ان شہریوں پر فائرنگ کی جو بند راستے کھولنے اور ملبے تلے دبے شہداء کی لاشیں نکالنے میں مصروف تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اچانک حملے کے نتیجے میں دو شہری شہید ہوئے، جن میں ایک بلدیہ کا ملازم بھی شامل تھا، جبکہ متعدد دیگر افراد زخمی ہوئے۔
حزب اللہ نے اس کارروائی کو اس جنگ بندی کی صریح خلاف ورزی قرار دیا جس پر مزاحمتی تحریک اب تک مکمل طور پر کاربند رہی ہے۔
ادھر اسرائیلی جنگی طیاروں نے چند گھنٹے قبل ایک ایکسکیویٹر کو بھی نشانہ بنایا، جو نبطیہ الفوقا میں ایک ایسے مکان کا ملبہ ہٹا رہی تھی جس پر پہلے ہی حملہ کیا جا چکا تھا۔
دوسری جانب الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے جنوبی لبنان کے قصبے نبطیہ الفوقا کے علاقے الدیر میں لبنانی شہریوں پر براہ راست فائرنگ کی۔
جنوبی لبنان کے محکمہ شہری دفاع کے مطابق اس فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری شہید جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ